لکھنؤ، 6؍مارچ(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا ) بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی)کی قومی صدر مایاوتی نے پیر کو وزیر اعظم نریندر مودی اور اکھلیش یادو پر جم کر نشانہ سادھا ۔انہوں نے مودی کو آزادی کے بعد کا سب سے نوٹنکی والا وزیر اعظم قراردیا ۔انہوں نے دعوے کے ساتھ کہا کہ کسی بھی قیمت پر یوپی میں بی جے پی کی حکومت نہیں بنے گی، بی جے پی ریاستی انتخابات میں 2019کا خواب دیکھ رہی تھی، بی ایس پی نے اس کا یہ خواب توڑ دیا۔مایاوتی پیر کو ریاستی دفتر میں صحافیوں سے بات چیت کر رہی تھیں ۔مایاوتی نے کہا کہ بی ایس پی ریاست میں ایک بار پھر حکومت بنا نے جارہی ہے، بی جے پی اور ایس پی -کانگریس اتحاد دوسرے ،تیسرے نمبر کے لیے لڑ رہی ہیں۔مخالفین کا حکومت بنانے کا خواب چکنا چور ہو گیاہے ، آئندہ لوک سبھا انتخابات میں بھی بی جے پی اقتدار میں نہیں آنے والی ہے، اس لیے اکھلیش کو کہتی ہوں کہ ٹیپو ۔ اس دوران مایاوتی نے اکھلیش کے ٹیپو ہونے کی بھی وجہ بتائی.۔انہوں نے کہاکہ ملائم سنگھ کا ٹیپو اپنے ہر پروگرام میں کہتا ہے کہ جو ہاتھی کھڑے تھے، وہ کھڑے کے کھڑے ہیں، جو ہاتھی بیٹھے تھے، وہ ویسے ہی بیٹھے ہیں، اب ٹیپو کو یہ بھی نہیں معلوم کہ جو ہاتھی جس طرح سے بنائے گئے، وہ ویسے ہی رہیں گے، اس میں تو کچھ کم زیادہ ہو نہیں سکتے ہیں ، پورے الیکشن بھر وہ ہمارے انتخابی نشان کی تشہیر کرتا رہا۔مایاوتی نے کہا کہ ملائم سنگھ جب وزیر دفاع تھے تو ہمیشہ چائنا، چائنا رٹتے رہتے تھے اب ان کا ٹیپو ہر جگہ پتھر پتھر کرتا رہتا ہے ،جبکہ اس نے خود اپنے گھر میں مہنگے غیر ملکی پتھر لگوا رکھے ہیں ۔ایس پی کا ٹیپو ہر جگہ بی ایس پی کے انتخابی نشان کی تشہیر کرتا رہتا ہے، پھر بھی ٹیپو ایسی ہی باتیں کرتا ہے۔سماج وادی پارٹی کا کام کم اور جرائم زیادہ بولتے ہیں ۔وزیر اعظم مودی پر حملہ بولتے ہوئے انہوں نے کہاکہ مودی نے ملک کی عوام سے وعدہ خلافی کی ہے ، ساتھ ہی انہوں نے حقیقت بھی چھپانے کی کوشش کی۔وزیر اعظم کے کاشی قیام پر مایاوتی نے کہا کہ انہوں نے 3دن تک وارانسی میں روڈ شو کیا، اس دوران سارے قاعدے قوانین کو بالائے طاق رکھ دیا گیا، وزیر اعظم کا روڈ شو انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے۔انہوں نے کہا کہ انتخابات ابھی ختم نہیں ہوئے ہیں اور بی جے پی والوں نے رسوئی گیس سلنڈر کی قیمت بڑھا دی ہے۔وزیر اعظم وارانسی کی عوام سے کیا گیا وعدہ پورا نہیں کر پائے ہیں۔گنگا میا کو صاف کرنے کا وعدہ کتنا نبھایا ہے، یہ بھی پورا ملک جانتا ہے۔مایاوتی نے کہا کہ ریاست کے لوگ جانتے ہیں کہ بی جے پی کی حکمرانی والی ریاستوں میں کئی سلاٹر ہاؤس چل رہے ہیں،اس پیشے سے وابستہ کئی مذاہب کے لوگ ہیں، بی جے پی کے لوگ ہیں۔بی ایس پی صدر نے کہاکہ بی جے پی نے تہوار کو بھی سیاسی رنگ دینے کی کوشش کررہی ہے ، جبکہ میں نے اپنی حکومت میں کوئی امتیازی سلوک نہیں کیا، یہ لوگ گاؤں گاؤں میں شمشان اور قبرستان بنانے کی بات کر رہے ہیں اور اس کی آڑ میں بھی وہ گھنونی سیاست کرنے کی کوشش کر رہے ہیں،جبکہ ہماری حکومت میں تمام مذاہب کے لوگوں کو تحفظ ملا ہے۔